’نیند میں اٹھ کر بیٹھنے اور باتیں کرنے کی عادت ہے’

اداکارہ نوال سعید کا کہنا ہے کہ انہیں نیند میں اٹھ کر بیٹھنے اور باتیں کرنے کی عادت ہے۔

اداکارہ حال ہی میں ایک نجی پروگرام میں جلوہ گر ہوئیں اور اپنی زندگی پیش آنے والے دلچسپ واقعے سے متعلق گفتگو کی۔

نوال سعید نے کہا کہ ’ میں خاندان کی ایک تقریب میں شریک ہوئی تھی، اس تقریب کے لیے میں نے آنکھوں میں بہت سارا کاجل بھی لگایا ہوا تھا، اس وقت نیند میں باتیں کرنے اور اٹھ کر چلنے پھرنے کی بھی عادت تھی، اس رات خالہ برابر میں سورہی تھیں اور چونکہ میری آنکھیں بہت واضح ہیں تو سونے کے دوران کاجل آنکھوں میں بری طرح پھیل گیا، پھر میں اٹھ کر بھی بیٹھ گئی اور باتیں کرنے لگی جس سے خالہ ڈر گئیں‘۔

انہوں نے بتایاکہ ’ میری خالہ بری طرح ڈر گئیں اور انہوں نے کہا کہ اس رات میری آنکھیں کاجل کے پھیلنے کی وجہ سے کافی خوفناک لگ رہی تھیں‘۔

نوال سعید کا کہنا تھا کہ ’ اس واقعے کے بعد سے خالہ آج تک میرے ساتھ اکیلے نہیں رہتیں، وہ جب بھ میرے ساتھ اکیلی ہوتی ہیں انہیں وہ منظر یاد آجاتا ہے جس رات میں انہیں بہت ڈراؤنی لگ رہی تھی‘۔

ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے بتایا کہ ’اب نیند میں اٹھ کر چلنے کی عادت ختم ہوگئی ہے لیکن نیند میں باتیں اب بھی کرتی ہوں’۔

اپنا تبصرہ بھیجیں