راج مستری کے بیٹے ارشد ندیم اولمپکس میں پاکستان کیلئے میڈل کی آخری امید

ٹوکیو اولمپکس میں پاکستان کی تمغہ حاصل کرنے کی اُمید جاگ اٹھی، میاں چنوں کے راج مستری کے بیٹے ایتھلیٹ ارشد ندیم نیزہ بازی کے فائنل مقابلے میں پہنچنے میں کامیاب ہوگئے، سنسنی خیز فائنل سات اگست کو ہوگا۔

اولمپکس ایتھلیٹکس مقابلوں کے فائنل تک رسائی حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم اپنی شاندار کارکردگی کے بعد ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئے۔

جیولین تھرو کے مقابلوں میں شاندار کارکردگی دکھانے پر مداحوں سمیت معروف شخصیات بھی ارشد ندیم کی معترف ہیں۔

پاکستانی گلوکار علی ظفر نے ارشد ندیم کیلئے تعریفی پوسٹ شیئر کی اور کھلاڑی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

حکومتِ پاکستان نے بھی اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ارشد ندیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ارشد ندیم نے جیولین تھرور کے طور پر 85.16m کی تھرو کرکے تاریخ رقم کی اور ٹوکیو اولمپکس کے جیولین تھرو فائنل میں جگہ بنائی۔

وحید نامی ٹوئٹر صارف نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ارشد ندیم کے کھیل کی ویڈیو شیئر کی۔

ٹوئٹر صارف صہیب حسن نے ان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بہترین تھرو 85.16M تھی، 86.29M میٹر ارشد کی ذاتی بہترین تھرو ہے لیکن یہ بات اچھی ہے کہ انہوں نے اگلے راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

خیال رہے کہ ایونٹ میں ارشد ندیم نے پہلی باری میں 78.5 کی تھرو کی تھی لیکن دوسری مرتبہ انہوں نے 85.16 کی تھرو کرکے فائنل کیلئے براہ راست کوالیفائی کرلیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں